نام کتاب: تعالوا نتکلم (آؤ عربی بوليں)
مرتب: محمد اظہار قاسمیؔ
ناشر: مکتبہ دار الحکمت، گورینی، جون پور ۲۲۲۱۳۹
رابطہ نمبر: ۹۳۸۹۵۹۷۹۶۳
عربی تکلم (بول چال) سکھانے والی مختلف حجم کی بہت سی کتابیں دستیاب ہیں، جن میں روزمرہ کی زندگی سے متعلق الفاظ و تعبیرات اور عمدہ محاورات کو بیان کیا گیا ہے، ان میں بعض انتہائی مفصل اور جامع ہیں جو زندگی کے اکثر گوشوں کا احاطہ کرتی ہیں، بعض مختصر ہیں، مگر فائدے سے وہ بھی خالی نہیں۔
معمولی حجم کا (پاکٹ سائز)زیر نظر یہ کتابچہ تکلم کی انھیں کتابوں سے ماخوذ ہے، مرتب نے کہیں کہیں جزوی ترمیم اور مناسب حذف و اضافہ کیا ہے۔
یہ کتابچہ روزمرہ کی زندگی سے متعلق عربی زبان کے ۲۴؍ اسباق پر مشتمل ہے، اس کی سائز چھوٹی رکھی گئی؛ تاکہ جیب میں بآسانی سما سکے اور سفر و حضر کا ساتھی بن سکے۔
اگر متعلمین نے ’’راہ نمائی‘‘ کو برتا اور ڈھیلا ڈھالا؍ سوتیلا سلوک نہ کیا، تو یہ کتابچہ ان کی زبان کی بندش کھولنے اور بلاتکلف ابتدائی عربی تکلم کی صلاحیت سے مالامال کرنے میں اہم کردار ادا کر ے گا۔
متعلمین؍ مستفیدین جلد بازی کا مظاہرہ بالکل نہ کریں، جب تک ایک سبق پختہ یاد کرکے مشق نہ کرلیں اور زبان پر رواں نہ ہوجائے، دوسرے سبق کی طرف ہرگز نہ دیکھیں، خواہ اس کے لیے ہفتہ ہی کیوں نہ درکار ہو، صبر سے کام لیں، اُکتاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں۔ ان شاء اللہ کامیابی قدم چومے گی۔
جو پتھر پہ پانی پڑے مستقل
تو بے شبہ گِھس جائے پتھر کی سِل
راہ نمائی
👊 اس میں عربی زبان کی مختلف کتابوں کا رس کشید کیا گیا ہے۔
👊 معمولی حجم کا یہ کتابچہ عربی تکلم میں کامیابی کے لیے ’’شاہ کلید‘‘ ہے۔
👊 یہ جیبی کتابچہ آپ کی جیب میں دل کے پاس ہونا چاہئے۔
👊 مشق کے لیے دل چسپی رکھنے والے کسی ساتھی کا انتخاب ضرور کریں، دونوں کے زیر نظر ایک ہی سبق ہو، ازبر کرکے اسی کا محادثہ کریں اور ’’خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو‘‘ کی عملی تصویر پیش کریں۔
👊 یہ ناول یا افسانہ نہیں، جسے ایک نشست میں پڑھ کر آپ طاقِ نسیاں کی زینت بنادیں؛ بلکہ دوا کی طرح صبح و شام کی خوراک لیں، تاکہ حافظے میں محفوظ ہوکر زبان پر رواں ہوجائے۔
👊 بعض مفاہیم کی ادائیگی کے لیے ایک سے زائد عربی تعبیرات استعمال ہوتی ہیں، یہاں اکثر و بیشتر ایک ہی پر اکتفا کیا گیا ہے، آپ دیگر معلوم تعبیرات کو بھی اس کے دوش بدوش باریک قلم سے لکھ سکتے ہیں۔
👊 اگر آپ نے ان ہدایات پر عمل کیا، تو آگے کی منزلیں بھی آسان ہوجائیں گی اور بزبانِ غالب آپ یہ کہتے نظر آئیں گے: ’’آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں‘‘ آپ منزلِ مقصود سے قریب تر ہوجائیں گے اور عربی تکلم کے حوالے سے خود اعتمادی کی دولت سے مالامال ہوجائیں گے۔ ان شاء اللہ
قدم چوم لیتی ہے خود بڑھ کے منزل
مسافر اگر اپنی ہمت نہ ہارے
کتاب ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے کے لنک پر کلک کریں