ابھی اگلی شرافت کے نمونے پائے جاتے ہیں

0

 ابھی اگلی شرافت کے نمونے پائے جاتے ہیں


فورٹی فائی نرچر اکیڈمی ایک تاریخی کارنامہ ہے، یہ اکیڈمی ابھی اپنے سفر کی ابتدائی منزلوں میں ہے۔ اس خاکے میں رنگ بھرنے والوں کے ضمیر للہیت کے خمیر سے تیار ہوئے ہیں، ان کی شریانوں میں اخلاص و ایثار کا لہو دوڑتا ہے، یہ حضرات اکیڈمی کی ابتدائی کڑیوں کے رازدار ہیں،انھوں نے فنون اور ہنرمندیوں کے میدان میں عالمی سیاحت کی، گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا، اکیڈمی کو تکنیکی رنگ و روغن سے سنوارا، پھر اسے زمانہ کے علم و ادب اور فن و ہنر سے آراستہ کیا، ان کی بزم آرائیوں کا مقصد علماء اور حفاظ کو موجودہ دور کے ادب اور فن سے آراستہ کرنا ہے۔ ان کا اپنا رنگ و آہنگ اور اپنا پیرایہ و اسلوب ہے، شیئر مارکیٹ کے تعلق سے گفتگو کرتے وقت شاذ ہی کوئی ان کے سامنے ٹھہر سکتا ہے، یاروں کو جلد ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ ان کا زعم نقش بر آب ہے۔ یہ اپنے قلم، فن اور ہنر کو بیچنے کے عادی نہیں، ان کے اندر استقلال و ایثار اپنی مثال آپ ہے۔
یہ اکیڈمی ایک چشمہ صافی ہے جو بنجر زمینوں کو شاداب کرتی ہے اور جس سے ہر پیاسا اپنی پیاس بجھا سکتا ہے۔یہاں علمی و فنی وجاہتوں کا بازار لگا ہوا ہے، علم و فکر کی نہریں بہتی ہیں اور کبھی کسی علم و ہنر کا سراغ دینے میں نہ بخل کیا جاتا اور نہ پہلو تہی کی جاتی ہے۔
اکیڈمی کے روحِ رواں مفتی وحید الزماں صدیقیؔ دامت برکاتہم ہیں۔ دماغ حاضر، دل آئینہ، طبیعت رواں، تکلم میں سوز و گداز ، دوستوں کے جگری دوست، ان کی زبان و قلم سے زخم نہیں، پھول جھڑتے ہیں، ایک انسان میں کتنے ہی انسان سما گئے، حضرت کی آواز بلبل کی نہ سہی، لیکن جب وہ بولتے ہیں، تو ایک نغمہ بہتا محسوس ہوتا ہے اور سامعین جھوم جھوم اُٹھتے ہیں، دورانِ درس ان کے جوہر کھلتے ہیں۔ علم و فکر کی مسندوں پر بیٹھنے والے لوگ یہاں زانوئے تلمذ تہ کرتے اور قہقہوں میں اُڑانے والے یہاں سراپا تعظیم بن جاتے ہیں۔
حضرت والا کا قلم سیال اور اسلوب ساحرانہ ہے، کثرت مشاغل اور ہجوم کار کے باوجود حضرت کی ہر تحریر دلوں کو گرماتی، ذہن و فکر کو جلا بخشتی اور قارئین کو اپنا اسیر بنا لیتی ہے۔ یقیناً حضرت والا اخلاص کے قلم میں محبت کی سیاہی بھر کر لکھتے ہیں۔
آفاقہا گردیدہ ام شہر بتاں ورزیدہ ام
بسیار خوباں دیدہ ام لیکن تو چیز دیگری
حضرت مفتی کیفی حیدر قاسمیؔ دامت برکاتہم۔ بلا کے ذہین، حاضر جواب، گوہرِ یک دانہ۔گفتگو میں فنی اور اصولی باتوں کے ساتھ رنگِ ظرافت نکھرتا ہوا۔ اور تحریریں اکیڈمی کے رجحانات کی عکاس۔ اکیڈمی کی تنظیمی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی نبھانےکےحوالے سے تھانویؔ ذوق و مزاج رکھنے والے، بظاہر سخت بباطن نرم۔ جلال و جمال کا آمیختہ۔ حسن و دل کشی کا استعارہ۔
ہر ہوسناکے نہ داند جام و سنداں باختن
مولانا محمد عفان صاحب؍ عفان بھائی۔ اکیڈمی کے کرتا دھرتا، اربابِ اکیڈمی کے منظورِ نظر، گفتگو میں سادگی، لہجے میں مٹھاس، شیئر مارکیٹ میں یدِ طولی رکھنے والے اور ٹیکنیکل امور میں باوا آدم۔
غرض یہاں علمی بلندیوں کے ایک سے ایک مینار ہیں، سب کی گفتگو میں سادگی، تحریر میں صفائی، لہجوں میں حیا، کچھ سکھانے اور بنانے کا جذبہ صاف محسوس ہوتا ہے۔ جنھوں نے اپنی زندگی کے شب و روز خلقِ خدا کی نفع رسانی کے لیے وقف کر رکھے ہیں۔ اکیڈمی کا ہر فرد اپنی مثال آپ ہے، یہاں آفتاب و ماہتاب کا جمگھٹا ہے۔ اور یہ اکیڈمی گنج ہائے گراں مایہ کا مجموعہ۔
ہم جیسے خوشہ چین اس اکیڈمی کی سیر گاہوں پر صبح و شام چہل قدمی کرتے ہیں، یہ علمی و فنی مجلس آرائی کی جگہ ضرور ہے، لیکن چہلیں کرنے، چونچیں لڑانے اور پھل جھڑیاں چھوڑنے کی جگہ نہیں، یہاں کام اور صرف کام کی باتیں ہوتی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والا بیک بینی و دوگوش باہر کردیا جاتا ہے، پھر خواہ وہ اپنا رشتہ دار ہو، عزیز ہو، یا سگا بھائی ہی کیوں نہ ہو۔
اس لیے ہشیار باش! کہیں ایسا نہ ہو کہ بے پروائی اور بے توجہی کی لہروں میں ہماری ناؤ ڈوب جائے اور ہم کوچہٴ تعلیم سے کوچہٴ رسوائی کی طرف نکل جائیں۔ کیوں کہ اگر ایسا ہوا، تو پھر ہماری عروسِ تمنا منڈلاتی پھرے گی، مگر اس اکیڈمی کے عقدِ ثانی میں نہ آسکے گی۔
اللہ رب العزت ہم سب کو اس کی قدر کرنے اور اس سے بھرپور استفادہ کی توفیق بخشے۔ اس اکیڈمی کے سایہ کو دراز سے دراز تر فرمائے، اسے ہر قسم کے شر سے محفوظ و مامون فرمائے اور اس اکیڈمی کے ذمہ داران کو بہترین جزا عطا فرمائے۔
اکیڈمی کے مزاج اور رخ کو دیکھتے ہوئے بجا طور پر یہ امید کی جاسکتی ہے کہ تاریخ کے صفحات اس کی قدر کرنے اور اپنے دامن میں جگہ دینے پر مجبور ہوں گے۔ اور یہ اکیڈمی ذمہ داران اکیڈمی کے لیے توشہٴ آخرت ثابت ہوگی۔
بہت جی خوش ہوا حالیؔ سے مل کر
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جہاں میں

محمد اظہار: متعلم فورٹی فائی نرچر اکیڈمی
Tags

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !